ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مدھیہ پردیش میں کرونا کے مثبت مریضوں کی تعداد 5، بھوپال میں پہلا مثبت کیس، 5 روزقبل لندن سے واپس آئی تھی لا ء طالبہ 

مدھیہ پردیش میں کرونا کے مثبت مریضوں کی تعداد 5، بھوپال میں پہلا مثبت کیس، 5 روزقبل لندن سے واپس آئی تھی لا ء طالبہ 

Sun, 22 Mar 2020 21:23:52    S.O. News Service

بھوپال،22/مارچ (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) مدھیہ پردیش میں کرونا کے مثبت مریضوں کی تعداد 5 ہو گئی ہے۔ اتوار کو بھوپال کی پروفیسر کالونی میں ایک لڑکی متاثرہ ملی، وہ پانچ دن پہلے ہی لندن سے واپس آئی تھی۔ اس سے پہلے انفیکشن کے 4 مریض جمعہ کو جبل پور میں ملے تھے۔ ان میں سے تین ایک ہی خاندان کے تھے،جو دبئی سے واپس آئے تھے۔ چوتھا مریض سوئٹزرلینڈ سے آیا تھا۔ تمام مریضوں کوآئسو لیشن میں رکھا گیا ہے۔

محکمہ صحت کے افسروں نے بتایا کہ بھوپال آئی 26 سالہ لڑکی لندن میں لاء کی پڑھائی کررہی ہے، وہ 17 مارچ کی صبح دہلی پہنچی تھی۔ اندرا گاندھی بین الاقوامی ایئر پورٹ پر اسکریننگ کے بعد ڈاکٹرس نے اسے فٹ قرار دیا تھا۔ اس کے بعد وہ شتابدی ایکسپریس سے بھوپال آئی تھی۔ اتوار کی دوپہر اہل خانہ نے کرونا کی جانچ کی مانگ کی تھی۔ اس پر جے پی ہسپتال کے ڈاکٹرس کی ٹیم نے گھر پہنچ کر نمونہ لیا تھا، جسے تحقیق کے لئے بھوپال ایمس بھیجا گیا۔ اب اس کی رپورٹ’مثبت‘ آئی ہے۔ 

بھوپال میں کرونا کا  واحد کیس جس کالونی میں ملا ہے وہ بے حد پاش علاقہ ہے۔ اس علاقے میں صوبہ کی سابق وزیر اعلی اوما بھارتی سمیت کئی وزیر، رکن اسمبلی اور افسران رہتے ہیں۔ یہاں سے سی ایم ہاؤس اور شاہی محل ایک کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہیں۔خاندان کے تمام اراکین کو  قرنطینہ کیا گیا ہے، محکمہ صحت کی ٹیم ان لوگوں کی فہرست بھی بنا رہی ہے، جن سے وہ 17 مارچ سے لے کر 22 مارچ تک مل چکی ہے۔ 


Share: